جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 16:33
کوئٹہ میں شیعہ سنی علماء کی ملاقات، اتحادِ امت اور امن کے فروغ پر زور

حوزہ/ جمعیت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولوی عبدالواسع سے شیعہ علماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ سید محمود حسینی اور حاجی شبیر حسین نے ملاقات کی، جس میں اتحادِ امت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کوئٹہ میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور معاشرتی اصلاح کے لیے علماء کے مؤثر کردار پر زور دیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کوئٹہ/ جمعیت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولوی عبدالواسع سے شیعہ علماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ سید محمود حسینی اور حاجی شبیر حسین نے ملاقات کی۔

ملاقات میں اتحادِ امت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک بالخصوص کوئٹہ شہر میں مذہبی ہم آہنگی، امن و اتحاد اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے علماء اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

ملاقات کے دوران کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے نامناسب ثقافتی رجحانات اور اس حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سیٹ اَپ کے تحت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔

سینیٹر عبدالواسع نے کہا کہ بعض عناصر کی کوشش ہے کہ کوئٹہ شہر کے حالات کو خراب کیا جائے، تاہم علماء اور مذہبی رہنماؤں کو باہمی تعاون کے ذریعے ایسے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ شہر میں نامناسب حالات پیدا ہونے سے روکنے کے لیے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور معاشرے میں اصلاح، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کوئٹہ میں امن و اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے فروغ کے لیے مذہبی و سیاسی قیادت کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha